ukrine-drone

یوکرین نے روسی دارالحکومت ماسکو پر پھر ڈرون برسادئیے

ماسکو(گلف آن لائن) روس نے دعوی کیا ہے کہ یوکرین نے ماسکو پر مزید ڈرون حملے کرتے ہوئے ایک زیر تعمیر عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو میں ڈرون حملے میں زیر تعمیر بلڈنگ کو نشانہ بنایا گیا جس سے آس پاس موجود دو 5 منزلہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جس کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ماسکو کے دو مختلف ضلع موزہسک اور خمکی میں بھی ڈرون حملے کیے گئے جن کو ائیرڈیفنس نے تباہ کردیا۔ڈرون حملوں کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ روسی حکام کی جانب سے اسے کیف حکومت کی طرف سے دہشت گردانہ حملہ کرنے کی ایک اور کوشش کہا گیا ہے۔

دوسری جانب روسی حدود میں ڈرون حملوں کے حوالے سے یوکرین کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح بھی ماسکو کے تمام ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن بند رہا تاہم اب فلائٹس آپریشن کو بتدریج بحال کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں