jannah-house

جناح ہاؤس حملہ،خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

لاہور (گلف آن لائن) جناح ہاؤس حملہ کیس،خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلا گھیرؤا کیس کی سماعت ہوئی،جج اعجاز احمد بٹر نے کیس کی سماعت کی۔

عالیہ حمزہ،خدیجہ شاہ،صنم جاوید اور طیبہ راجہ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 ستمبر کو ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کے مقدمے کا چالان پراسکیوشن برانچ میں پیش کر دیا گیا ہے،تفتیشی افسر نے بتایا کہ پراسکیوشن چالان کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔

قبل ازیں 9 مئی کے واقعات میں لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی حراست غیر قانونی قرار دینے کے لیے درخواستیں خارج کر دی تھیں،جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل بینچ نے درخواستوں پر 26 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزاروں کے خلاف مقدمہ ہو چکا ہے،قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے۔

اس مرحلے پر درخواست گزاروں کی حراست کو غیر قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا،قانونی طریقہ کار کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ پولیس نے اسی تناظر میں فوری مقدمہ درج کیا اور تفتیش شروع کر دی،نو مئی واقعات میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کی قانون کے مطابق شناخت کی گئی۔

9 مئی کے واقعات نے ایک چارج ہجوم کی عدم برداشت اور خطرناک جنونی کیفیت کو عیاں کیا،لوگوں کا غصہ سول اور فوجی قیادت پر تھا لیکن جو اس دن ہوا وہ ناقابل وضاحت تھا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بلاشبہ ملزمان کے قانونی حقوق ہیں،جن کا عدالتیں تحفظ کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں