شہریار آفریدی

شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو 6 ستمبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد (گلف آن لائن) عدالت نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو کسی بھی مقدمے میں 6 ستمبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس بابر ستار نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایم پی او کی معطلی کے حکم میں 6 ستمبر تک توسیع کر دی اور دونوں رہنماؤں کو کسی بھی مقدمے میں 6 ستمبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد کے باہر میرا دائرہ اختیار نہیں۔

اگر شہر سے باہر کچھ ہوتا ہے تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے،چیف کمشنر اور آئی جی بھی اس کی ذمہ داری نہیں لیں گے۔ عدالت نے ڈی سی اور ایس ایس پی آپریشنز پر فردِ جرم کی کارروائی 7 ستمبر تک مؤخر کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی درخواست پر سماعت بھی 6 ستمبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی رہائی کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے چیلنج کر رکھا ہے،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ تھری ایم پی او کا قانون موجود ہے اور قانون کے مطابق ہی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ عبوری حکم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کیسے ہوسکتی ہے؟۔قانون اور عدالتی فیصلوں سے مطمئن کریں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سنگل بینچ نے حتمی فیصلہ نہیں دیا تو آپ کی اپیل کیسے قابلِ سماعت ہے؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں