Pervaiz-Elahi14

پرویز الٰہی کی اٹک جیل میں اچانک طبیعت خراب ہو گئی

اٹک (گلف آن لائن) پرویز الٰہی کی طبیعت نا ساز ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کی اٹک جیل میں اچانک طبیعت خراب ہو گئی،ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کو چیک اپ کیلئے پمز ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا قافلہ پرویز الٰہی کو لیکر اٹک جیل سے اسلام آباد روانہ ہوا۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس امجد رفیق نے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے نصر اللہ وڑائچ مختار احمد اور آصف چیمہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ایس ایس پی آپریشنز پیش نہ ہوئے۔ڈی ایس پی نے پولیس افسران کے پیش ہونے کیلئے مہلت مانگ لی اور بتایا کہ دونوں پولیس افسراں صوبہ سے باہر ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ دونوں افسران سے پوچھ لیں کہ وہ آج پیش ہوں گے یا کل؟۔

کل پیش ہونے پر پولیس افسران کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کریں گے،آپ نے مناسب نہ سمجھا کہ اسی وقت میرے پاس آجاتے۔ پرویز الٰہی کی گرفتاری پر اہلیہ قیصرہ الٰہی نے توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ڈی آئی جی آپریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کی تمام کیسز میں ضمانت منظور کی،نیب حراست سے بازیاب کرا کر انہیں رہا کرایا گیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی آپریشن اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو طلب کر کے تحریری حکم نامہ دیا،دونوں پولیس افسران کی موجودگی میں چوہدری پرویز الٰہی کو اٹھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں