لاہور( گلف آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے مقدمات اور انکوائری کا ریکارڈ لینے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔
ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں عدالت نے سرکاری وکیل کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں وفاق، نیب، ایف آئی اے اور پولیس سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے بشری بی بی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب، ایف آئی اے، پنجاب پولیس سمیت دیگر اداروں نے بے بنیاد اور خلاف قانون مقدمات درج کر رکھے ہیں۔
بشری بی بی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ شوہر کے بعد اب مجھے بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جون 2022 سے پہلے کوئی مقدمہ یا انکوائری زیر التوا نہیں تھی۔
جون 2022 سے لے کر اب تک درج خفیہ مقدمات، انکوائریز، انوسٹی گیشن کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے روکے۔