doctor

کویتی خاتون پاکستان سے جعلی ڈگری لیکر ڈاکٹر بن گئی

کویت سٹی (گلف آن لائن) کویتی خاتون پاکستان سے جعلی ڈگری لیکر ڈاکٹر بن گئی اور 6 سال تک بطور ڈاکٹر کام کرکے تنخواہ بھی وصول کرتی رہی، خاتون پر عدالت نے جعلسازی پر 3 لاکھ دینار جرمانہ عائد کردیا۔

میڈیا کے مطابق کویت کی ایک عدالت نے وزارت صحت سے کویتی خاتون ڈاکٹر کو برطرف کرنے کا حکم جاری کیا اور یونیورسٹی کے سرٹیفکیٹ کی جعلسازی پر 3 لاکھ دینار جرمانہ عائد کردیا، جس کے ذریعے خاتون نے 6 سال تک ڈاکٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے تنخواہ وصول کی جس کی وہ مستحق نہیں تھی۔

بتایا گیا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن نے ملزمہ پر پبلک سیکٹر کی ملازمہ کی حیثیت سے سول سروس کمیشن (سی ایس سی) میں جعلی سرٹیفکیٹ جمع کروا کر غیر قانونی طور پر عوامی فنڈز حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس نے دستاویز کی جعلسازی کی بنیاد پر 1 لاکھ 50 ہزار دینار تنخواہ وصول کی تھی، اس مقصد کے لیے ملزمہ نے ایک دستاویز بھی بنائی جو ہائر ایجوکیشن کی وزارت کی طرف سے جاری کی گئی اور اس دستاویز کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ اس کی یونیورسٹی کا سرٹیفکیٹ مستند ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے پاکستان سے حاصل کردہ بیچلر ڈگری کے مساوی ہونے کے لیے جعلی سرٹیفکیٹ کا استعمال کیا، اس کے علاوہ اس نے غلط ڈیٹا فراہم کیا جس کے لیے غیر قانونی طریقے استعمال کیے، جس کے نتیجے میں اسے طبی پیشہ اختیار کرنے کا لائسنس مل گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ اس سے قبل فوجداری عدالت نے اس کیس میں خاتون کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم ایک اپیل کورٹ نے قید کی سزا کو برقرار نہیں رکھا اور اس کی بجائے اسے حکم دیا کہ وہ اپنی ملازمت سے غیر قانونی طور پر کمائی گئی ریاستی تنخواہ کا دوگنا جرمانہ ادا کرے، اسے 3 ہزار کویتی دینار کی ضمانت کے ساتھ ایک تحریری بیان بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا، جس میں بدعنوانی کو نہ دہرانے اور کم از کم دو سال تک اچھا سلوک کرنے کا عہد کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں