bijli

نگران حکومت نے بجلی چوری ختم کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (گلف آن لائن) بجلی چوری کرنے والے ہو جائیں ہوشیار،نگران حکومت کا بجلی چوری ختم کرنے کیلئے کریک ڈا¶ن کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے نگران وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے،ملک میں بجلی کی چوری ہو رہی ہے جیسے روکنا ہے۔

ہر علاقے میں الگ الگ سطح پر بجلی چوری ہو رہی ہے،589 ارب کی بجلی چوری اور بل ادا نہیں کئے جا رہے۔ انکا کہنا تھا کہ بجلی چوری ختم کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کریں گے،بجلی چوری ختم اور بل ادا کرنے تک لوگوں کو سستی بجلی نہیں مل سکتی۔ بجلی چوری یا بل ادا نہ کرنے کے باعث دیگر صارفین پر بوجھ پڑتا ہے۔

نگران وزیرِ توانائی نے بتایا کہ پشاور،کوئٹہ،حیدر آباد،سکھر اور آزاد کشمیر ڈسٹری بیوشن کمپنی میں 479 ارب کا نقصان ہوتا ہے۔اسلام آباد،لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد اور ملتان ڈسٹری بیوشن کمپنی میں 100 ارب کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ جو بجلی کے بل ادا نہیں کرتے ان سے ریکوری کریں گے،بجلی چوری میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

ہمارے پاس سارا ڈیٹا ہے کہ کن علاقوں میں زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے،ہمارا ٹارگٹ ہے کہ بجلی چوری کو کم سے کم کیا جائے۔محمد علی نے مزید بتایا کہ صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کے قیام سے بجلی چوری پر قابو پایا جائے گا،بجلی چوری کے کیسز سننے کیلئے اسپیشل عدالتوں کا قیام زیر غور ہے۔

نگران وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد،لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد اور ملتان ڈسکوز میں 79 ارب یونٹس بجلی کا نقصان ہوتا ہے،ان پانچ ڈسکوز میں 3044 ارب کی بلنگ ہوتی ہے۔ جبکہ مرتضٰی سولنگی نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی قیمتوں پر لوگوں کا احتجاج جائز ہے،لوگوں کی پریشانیوں کا حل نکلنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں