bushra-bi-bi

توشہ خانہ کیس، بشری بی بی کی ضمانت میں توسیع، آڈیوفارنزک کی استدعا منظور

اسلام آباد (گلف آن لائن) عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بشری بی بی کی ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع کردی۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جج طاہر عباس سپرا نے بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ جعلی رسیدوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

بشری بی بی وکلا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کو بشری بی بی کی آڈیو فارنزک کے لئے بھجوائی ہے،تفتیش کے لئے بشری بی بی کی گرفتاری مطلوب ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بشری بی بی کو 3، 3گھنٹے شامل تفتیش کیا گیا، توشہ خانہ تحائف کیس چھوٹا سا ہے، اسے طویل کیا جا رہا ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ معاملہ رسیدوں کا ہے، آڈیو کہاں سے آگئی؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ بشری بی بی سے آڈیو لیک کا پوچھا کہ آپ کی ہے یا نہیں؟

بشری بی بی نے کہا میں نے ایسا کوئی غلط کام نہیں کیا، بشری بی بی نے کہا لیک آڈیو میری نہیں۔تفتیشی افسر نے استدعا کی بشری بی بی کی وائس میچنگ کے لئے وقت دیا جائے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں بھی 12ستمبر تک توسیع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں