تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیرمملکت فرخ حبیب کی جبری گمشدگی کی شدید مذمت

اسلام اباد( نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کی جانب سے مغربی پنجاب کے صدر اور سابق وزیرمملکت فرخ حبیب کی جبری گمشدگی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ انتخابات کی آمد سے قبل تحریک انصاف کیخلاف ریاستی جبر میں شدت تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے اور الیکشنز کے نام پر سیاسی ڈھونگ رچانے کی شرمناک کوشش ہے،

اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کو جبری لاپتہ کئے جانے کے پیچھے وہی منصوبہ کارفرما ہے جس کی بازگشت نگران وزیراعظم کے بیانات میں گونج رہی ہے، ترجمان نے کہا کہ چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کیلئے ظلم، جبر اور وحشت کا ہر ہتھکنڈہ آزمایا جارہا ہے،

انہوں نے کہا کہ جھوٹے، جعلی اور من گھڑت انتقامی مقدمات میں عدالتوں سے ریلیف کے بعد ریاستی مشینری عدالت کو غیرموثر کرنے کیلئے جبری گمشدگیوں کے شرمناک سلسلے پر اتر آئی ہے، ظہورمشوانی، صداقت عباسی، عثمان ڈار، اویس یونس، عبدالکریم خان، حسان نیازی، حیدر مجید اورشیخ رشید احمد کے بعد فرخ حبیب اور ان کے ساتھ اغوا کئے گئے دیگر افراد کو ریاستی لاقانونیت کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے،

تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے ریاستی اغوا کاروں کی جانب سے ملک میں لاقانونیت کے فروغ کی شرمناک کوششوں کو لگام ڈالنے کیلئے فوری نوٹس کی استدعا کرتے ہیں، چیف جسٹس دستور کو ماورائے آئین قوتوں کے شکنجے اور جمہوریت کو غیرجمہوری عناصر کی سازشوں سے بچانے کیلئے اپنے آئینی اختیارات بلاتاخیر بروئے کار لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں