مریم اورنگزیب ،جاوید لطیف

ریاست مخالف تقاریر،مریم اورنگزیب ،جاوید لطیف کیخلاف پولیس کی اخراج رپورٹ مسترد

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف تقاریر کیس میں پولیس کی اخراج رپورٹ مسترد کردی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عبہر گل خان نے (ن) لیگی رہنما مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سمیت دیگر کے خلاف انتشار انگیز تقاریر کرنے کے کیس کی سماعت کی ۔عدالت کی جانب سے جاوید لطیف، مریم اورنگزیب سمیت تمام ملزمان کو 11بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا ۔

عدالت میں سہیل خان ایم ڈی پی ٹی وی اور راشد بیگ پروڈیوسر پی ٹی وی کی جانب سے وکیل ذیشان غنی پیش ہوئے جبکہ مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی جانب سے وکیل پیش نہ ہوئے۔پولیس نے مقدمہ کی اخراج رپورٹ تیار کرکے عدالت میں پیش کی تاہم عدالت نے پولیس کی اخراج رپورٹ کو مسترد کردیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے مریم اورنگزیب ، جاوید لطیف سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹائون میں 2022ء میں مقدمہ درج ہوا تھا اور ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان پر ریاست مخالف تقریر اور بیانات کا الزام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں