سپیکر قومی اسمبلی

تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ درس و تدریس شیوہ پیغمبری ہے، اس شعبے سے وابستہ ہونا باعث سعادت و اعزاز ہے،

اللہ تعالی نے انسانوں کو جہالت کے اندھیروں سے نکالنے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے انبیا کرام کو مبعوث فرمایا جنہوں نے درس و تدریس کے ذریعے انسانیت کو جہالت کی پستیوں سے نکال کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو نوجوان نسل کی ذہنی نشونما میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں، ہمارا مذہب علم کے حصول کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اساتذہ کے ادب و احترام کی تلقین کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ان عظیم ہستیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو جاں فشانی، خلوص اور لگن سے ایک تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر کرتے ہیں، ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے اساتذہ کے حقوق کا تحفظ اور ان کو جائز مقام دینا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں