انوار الحق کاکڑ

انوار الحق کاکڑ کا پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل کو شفاف اور تیز تر کیا جائے تاکہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جائے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی مالی صورتحال اور نجکاری کے عمل کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں حائل تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل کو شفاف اور تیز تر کیا جائے تاکہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ عوام کے ٹیکسوں سے ان اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے اور خسارے کے شکار دیگر سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، ہوابازی شعبے کی اصلاحات سے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ خسارے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں