امریکی وزیر خارجہ

حماس نے غزہ پٹی کے وسائل کو یرغمال بنا رکھا ہے،امریکی وزیر خارجہ

تل ابیب(نیوز ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کشیدگی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے خطے کے ممالک سے تعاون جاری ہے۔ حماس غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں کے مفاد کے لئے ہرگز کام نہیں کر رہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق تل ابیب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ حماس نے غزہ پٹی کے وسائل کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

اسرائیل میں ہنگامی جنگی کابینہ کی تشکیل کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کے لئے مزید امداد راستے میں ہے۔ حماس کی کارروائیوں نے داعش کی یاد تازہ کر دی ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا اسرائیل کی اتحادی حکومت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

اسرائیل کے دفاع میں مدد کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ اسرائیلی یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے اسرائیل کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کی ضرورت ہے۔ اسرائیل پر حملوں میں 25 امریکی ہلاک ہوئے ہیں۔اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہاکہ حماس کے ساتھ وہی کرنا چاہیے جو داعش کے ساتھ کیا گیا۔ آج، کل اور ہمیشہ اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے پر امریکا کے شکر گزار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں