نگران وزیر اطلاعات

کشمیری عوام پر ظلم کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے،نگران وزیراطلاعات

اسلام آباد (نیوزڈیسک)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر ظلم کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے، ہندوستان نے 27اکتوبر 1947کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی شدید خلاف ورزی اور اپنے آئین سے روگردانی کا مرتکب ہے، جبر بڑھنے کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ اور جذبہ بڑھا ہے، دنیا کی کوئی طاقت اس جذبے کو ختم نہیں کر سکتی۔

وہ جمعہ کو یہاں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر کے عوام پر ظلم کی تاریخ 177 سال پرانی ہے جب 1876میں انگریز سامراج نے یہ خطہ 75 لاکھ روپے کے عوض ڈوگرا راجہ گلاب سنگھ کو فروخت کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 76سال قبل بھارت نے کشمیر پر جبری قبضہ کیا، یہ جبر اور ظلم اس وقت سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے جبر اور ظلم بڑھا، کشمیری عوام کا جذبہ بھی اسی طرح بڑھا ہے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر پر جبری قبضہ کر کے بھارت نے نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی کی بلکہ اپنے آئین اور قانون سے بھی روگردانی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ دنیا میں انسانی حقوق کی بات کرنے والوں کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر میں ظلم نظر نہیں آتا۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جیسے جیسے ظلم بڑھے گا، اسی طرح آزادی کا جذبہ بھی فروغ پائے گا، آزادی کے اس جذبے کو دنیا کی کوئی طاقت کم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو روکا نہیں جا سکتا اگر دنیا میں انصاف نہیں ہوگا تو امن نہیں ہوگا۔ قبل ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی وزارت خارجہ سے شروع ہوئی اور ڈی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں