صدر مملکت

برصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی، سیاسی رہنما اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو سیاسی جلا بخشی، صدر مملکت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ برصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی، سیاسی رہنما اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو سیاسی جلا بخشی، ان کے اندر تحریک پیداکی،انہیں خواب غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ پیداکیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری یوم اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن ہم سب برصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی ، شاعر اور سیاسی رہنما ڈاکٹر علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، آج کے دن پوری قوم مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کی علمی ، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری نہ صرف اردو زبان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ آپ نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی اور ان کے اندر تحریک پیدا کی،علامہ اقبال نے انہیں خواب ِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور خطبات کی مدد سے قوم کی رہنمائی کی اور ان کے اندر سیاسی شعور بیدار کیا، اس مقصد کیلئے آپ نے نوجوانوں کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا اور انہیں اپنے اندر خودی کا جذبہ اور عقابی روح بیدار کرنے کا سبق دیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ علامہ اقبال چاہتے تھے کہ مسلمانانِ برصغیر بالخصوص نوجوان فلسفہ ِ خودی کو اپناتے ہوئے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں اور وہ صفات پیدا کریں جن سے وہ اپنی قوم کی تقدیر کو بدل سکیں، وہ تعلیم کے شعبے میں اپنی قوم کی ترقی کے خواہاں تھے ، نہ صرف جدید علوم کے حصول کے بڑے حامی تھے بلکہ آپ نے قوم کے نوجوانوں کو قرآن حکیم سے رشتہ جوڑنے کا بھی درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلامِ اقبال ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ شجاعت، حمیت، دانائی، اعلیٰ کردار، بہترین اخلاق، عزت ِنفس، دور اندیشی اور خود اعتمادی ہی وہ اعلیٰ ترین انسانی صفات ہیں جو نہ صرف ایک فرد بلکہ قوم کو بھی نئی زندگی عطا کرتی ہیں۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ علامہ اقبال کا فلسفہِ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے، انہوں نے اپنی شاعری میں مسلمانوں کو امید کا پیغام دیا اور ان کے اندر ایک نیا جذبہ اور نئی سوچ پیدا کی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے نہ صرف امت ِمسلمہ کو اپنے اندر اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی پیدا کرنے کا پیغام دیا بلکہ قوم کو درپیش بڑے چیلنجز کی بھی نشاندہی کی ،ان کا پیغام عالمگیر حیثیت کا حامل ہے اور ہمیں آج بھی امتِ مسلمہ اور پاکستان کودرپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئیاقبال کے فلسفہِ خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ یومِ اقبال ہمیں نہ صرف پیغامِ اقبال سے آگاہی حاصل کرنے بلکہ اسے انفرادی اور قومی سطح پر اپنانے کی بھی یاد دہانی کراتا ہے ، آج کے دن ہم نہ صرف علامہ اقبال کو ان کی خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں بلکہ ان کے پیغام پر عمل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں۔ آئیں عزم کریں کہ ہم علامہ اقبال کے خیالات اور افکار کو اپنے لیے مشعل ِراہ بناتے ہوئے پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں