مرتضیٰ سولنگی

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی لاہور سنٹر کا دورہ ، 59 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت

لاہور(گلف آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کر دار ادا کر رہا ہے ، میڈیا میں جدت کے لیے نئی ٹیکنالوجی اپنانا ہو گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر کے دورہ اور پی ٹی وی کی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ جی ایم پی ٹی وی لاہورسنٹر،قاری سید صداقت علی سمیت ملازمین و دیگربھی اس موقع پر موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی وی قومی وحدت کی علامت اور ہم سب کی ثقافتی و سماجی پہچان کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پروقات نشریات کا 59سالہ سفر قومی تشخص اور درخشاں روایت کا امین ہے،پی ٹی وی کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن آج اپنی 59ویں سالگرہ منا رہا ہے ،میں تمام ملازمین کو اس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ میرے لیے یہ بات بھی بہت خوشی کی ہے کہ آج ہم لاہور میں وہاں پر کھڑے ہیں جہاں59 سال پہلے قریبی عمارت میں ایک ٹینٹ میں میرے استاد اسلم مرزا صاحب نے پی ٹی وی کی یہ ٹرانسمیشن شروع کرائی ،مجھے یقین ہے کہ وہ پی ٹی وی کے اس شاندار سفر پر مسکراتے ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے اصلاحات کر رہی ہے،ہم نے پہلے ریڈیو پاکستان میں اصلاحات کی ہیں اب پورے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات کرنے جا رہے ہیں تاکہ ان شعبوں کی کارکردگی کو مزید بڑھایا جا سکے۔۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی اور وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پی ٹی وی ملازمین کے ساتھ مل کر 59 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ان کو مبارکباد دی۔بعد ازاں نگران وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر اعلی پنجاب نے پی ٹی وی لاہور سنٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں