اقوام متحدہ (نیوز ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ بدھ کے روز چینی نشر یاتی ادارے کے مطا بق اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ رواں ماہ سلامتی کونسل کے چیئرمین ملک کے طور پر چین نے عرب ممالک اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھے ہیں اور فلسطین اسرائیل تنازع کو سلامتی کونسل کے بنیادی اور ترجیحی مسئلے کے طور پر رکھا ہے ۔
وانگ ای نے کہا کہ اس مسلےپر چین کا موقف بالکل واضح ہے ۔ سب سے پہلے یہ کہ جنگ دوبارہ شروع نہیں ہونی چاہیے، اور ایک جامع جنگ بندی کی جانی چاہیے۔ دوسرا یہ کہ غزہ تک انسانی امداد کی بلا روک ٹوک رسائی ہونی چاہیے۔ اور تیسرا یہ کہ دو ریاستی حل کی جانب جلد از جلد دوبارہ پیش رفت کی جانی چاہئے کیوں کہ یہ فلسطین اسرائیل تنازعے کے حل کا بنیادی راستہ ہے۔
انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل میں چین کے چیئرمین ملک ہونے کے دوران فلسطین اسرائیل مسئلے کے سیاسی حل کو فروغ دینے اور انسانی صورتحال کی کشیدگی میں کمی کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا۔