عمران خان کی نااہلی

بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کو ارسال

لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کی 5 سالہ نااہلی کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کو بھیج دیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں مقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو بانی پی ٹی آئی کو پانچ سال کے لیے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو انتخابات سے باہر کرنے کے لیے غیر قانونی اقدام کیا۔ دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے اور درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پانچ برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے لارجر بنچ کو بھجوا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں