ڈاکٹر عمر سیف

ملک کی پہلی خلائی پالیسی کی تیاری اور اس کی متعلقہ فورمز سے منظوری میں ایس آئی ایف سی فورم کا مرکزی کردار ہے،وفاقی وزیر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار کرنے کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے فورم سے ملک و قوم کے مفاد میں اہم فیصلے کیے جارہے ہیں،

جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو ہوگا اور ملک کی معیشت مستحکم ہوگی۔ہفتے کو اپنے ایک وڈیو بیان میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے فورم میں عسکری و سیاسی قیادت کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز موجود ہیں جس کی وجہ سے فیصلہ سازی میں نہایت آسانی ہوتی ہے اور ہم اعتماد رکھتے ہیں کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی موجودگی سے آنے والی حکومت بھی ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی مفادات کے فیصلے بروقت کرسکے گی کیونکہ ضروری ہے.

کہ ہم اپنے معاشی استحکام اور عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں، ہمیں محکمانہ رکاوٹوں، بیجا تاخیری حربوں کے بجائے ملک و قوم کے مفاد میں جلد اور نتیجہ خیز فیصلے کرنا ہوں گے، اس مقصد کیلئے ایس آئی ایف سی انتہائی مؤثر فورم ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ سال 2014 سے سن ٹی وی کے پاس موجود سینکڑوں میگاہرڈز اسپیکٹرم کا کیس التوا کا شکار تھا، عدالت کو درکار مطلوبہ مواد میں محکمانہ تاخیر کی جاتی رہی۔

اس معاملے کو ایس آئی ایف سی فورم پر اٹھایا گیا اور تمام مطلوبہ قانونی تقاضے پورے کیئے گئے جس کے بعد سندھ کی معزز عدالت عالیہ نے روزانہ کی بنیادوں پر کیس کی سماعت کی اور جمعرات کو کیس کا فیصلہ سنادیا گیا ہے ،عوام کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ اب یہ اسپیکٹرم حکومت کے پاس ہوگا جس کی مالیت موجودہ مارکیٹ ریٹ کے لحاظ سے کئی سو ملین ڈالرز کی ہے۔

ڈاکٹرعمرسیف نے کہا کہ اسپیکٹرم نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام سے لے کر ملک بھر میں آپٹیکل فائبر کیبل کا جال بچھانے کیلئے مطلوبہ اقدامات اور رائٹ آف وے پالیسی کے مؤثر نفاذ تک خصوصی سرمایہ کاری کونسل نے تمام محکمانہ رکاوٹوں کو دور کیا ہے اور ملک و قوم کے مفاد کے تمام فیصلوں کو بلا تاخیر منظور کیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملک کی پہلی خلائی پالیسی کی تیاری اور اس کی متعلقہ فورمز سے منظوری میں ایس آئی ایف سی فورم کا مرکزی کردار ہے، اسی طرح اسٹارلنک سے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں عوام کو بہت جلد سیٹیلائٹ انٹرنیٹ بھی دستیاب ہوگا جبکہ موجودہ نیٹ ورک میں بھی بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں