مرتضیٰ سولنگی

16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو گذرے 9 برس بیت گئے مگر بچھڑنے والوں کا غم آج بھی تازہ ہے،

16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔ ہفتہ کو سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی 9 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، اس دن کو یاد کر کے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، اس واقعے کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے، دہشت گردی کے خلاف متحد ہوئے، 20 نکاتی قومی ایکشن پلان بنایا گیا اور دہشت گردوں کو شکست دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعد میں پارلیمان اور عوامی اداروں کی رائے لئے بغیر ماضی قریب کی ایک حکومت نے دہشت گردوں کو واپس آنے دیا جس سے ملک میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا آجکل ہم مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گردوں کی خوشامد سے دہشت گردی کبھی ختم نہیں ہوئی، پاکستانی عوام اپنے ریاستی اداروں کی طاقت سے دہشت گردی کی اس نئی لہر کو بھی شکست دیں گے اور یہی آج کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم پختہ اور جذبہ سچا ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے، ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے تمام ریاستی ادارے بشمول سول و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، پاکستان دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ افواج پاکستان کے شہدائ کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک میں امن کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں