ملک بھر میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا آغاز

لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ ( گلف آن لائن) ملک بھر میں مختلف دورانیے کی 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کی پہلی مہم کے دوران محکمہ صحت کی پولیو ٹیمیں ملک کے تمام 159اضلاع میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گی۔صوبہ پنجاب میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران 2کروڑ 25لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، محکمہ صحت نے اس حوالے سے لاہور، فیصل آباد اور ملتان کو حساس ترین شہر قرار دیا ہے۔

صوبہ سندھ میں 7روزہ انسداد پولیو مہم 8سے 14جنوری تک جاری رہے گی، صوبے کے 30اضلاع میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کوپولیو وائرس سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیومہم پر سینتیس ہزار سے زائد ویکسی نیشن ٹیموں کی حفاظت پر 4ہزار 225سکیورٹی اہلکار مامور ہوں گے ۔

نگراں وزیرصحت کا کہنا تھا کہ سندھ 28مقامات سے حاصل کردہ ماحولیاتی نمونوں میں 11 میں پولیو وائرس پایاگیا۔گزشتہ برس کراچی کی یوسی گجرو ضلع شرقی کے دوبچوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کے باوجود انسداد پولیو مہم جاری ہے ۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں 7روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوئی ۔ زیارت، پشین اور کان مہترزئی میں برفباری ہورہی ہے، پولیو ورکرز برفباری میں بھی بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔سیکریٹری صحت عبداللہ نورزئی کا کہنا ہے کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے سمیت حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

گلگت بلتستان میں 5روزہ مہم کے دوران 2لاکھ پچاس ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں