اشرف بھٹی

انتخابات کے بعد سب سے پہلے میثاق معیشت کیا جائے ‘اشرف بھٹی

لاہور(گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد سب سے پہلے میثاق معیشت کیا جائے ،انکم ٹیکس اورسیلز ٹیکس کے مختلف سیکشنز کے تحت صوابدیدی اختیارات کو کم کیا جائے ،

قومی آمدن میں اضافے کے نئے ذرائع اورمعیشت کو پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے پالیسیوں کو از سر نو ترتیب دینا ہوگا ،اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بطور قوم عملی طور پر خود انحصاری کی طرف سفر کا آغاز کریں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ٹیکسز وصولی کے اہداف کے حصول کیلئے چور راستوں کی بندش ، شرح میں کمی اور پیچیدگیوں کو ختم کر کے نظام کو سہل بنانا نا گزیر ہے ،

اربوں روپے قومی خزانے میں جانے کی بجائے مختلف لوگوں کی جیبوںمیں چلے جاتے ہیں جس کے لئے ٹیکس جمع کرنے والے اداروں کی مانیٹرنگ کا کڑا نظام لایا جائے ، ٹیکسیشن پالیسی میں تبدیلی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے حکومت اور اس کے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر پیشرفت دکھانا ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے سے ٹیکس کی ادائیگی کرنے والوں کو گھیرے میں لینے کی بجائے ٹیکسز کی شرح میں کمی اور وصولی کیلئے پیچیدگیوں کو ختم کر کے اسے سہل بنانے سے ٹیکس کا دائرہ کا ربڑھایا جا سکتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں