شان مسعود طبیعت خراب ہونے کے باوجود میچ کھیلنے پہنچ گئے

کراچی(گلف آن لائن)پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود طبیعت خراب ہونے کے باوجود فرسٹ کلاس میچ کھیلنے میدان پہنچ گئے۔

پی سی بی کے تحت جاری پریزیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ میں غنی گلاس کی نمائندگی کرنے والے شان مسعود نے یو بی ایل گراؤنڈ پر اسٹیٹ بینک کے خلاف اہم میچ میں 31 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 2 چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا بھی شامل تھا۔

شان مسعود کاشف بھٹی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، گلے میں تکلیف اور ہلکے بخار کے باوجود ٹیسٹ کپتان 39 منٹ تک کریز پر جمے رہے تاہم حریف ٹیم کی دوسری اننگز میں شان مسعود ٹیم کے ہمراہ فیلڈنگ کے لیے میدان میں نہیں آئے۔

انہوں نے ڈریسنگ روم میں کچھ دیر آرام کے بعد چھٹے اوور کے اختتام پر گراؤنڈ کا رخ کرکے بطور فیلڈر اپنی ذمہ داری ادا کی، دورہ آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کرنے والے شان مسعود کا وطن واپس آنے کے بعد یہ پہلا میچ ہے۔

قبل ازیں مختصر گفتگو میں شان مسعود نے کہا کہ گلے میں خراش کے سبب بخار کی وجہ سے وہ بہتر محسوس نہیں کر رہے تھے تاہم اپنی ذمہ داری جان کر کھیلنے کے لیے میدان کا رخ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں