فواد چوہدری

فراڈ کیس، فواد چوہدری کیخلاف دس فرویر کو فرد جرم عائد ہوگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے فراڈ کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔

ہفتہ کو سماعت کے آغاز میں جج محمد سہیل نے کہا کہ آج فرد جرم کی کارروائی شروع کر دیتے ہیں۔عدالت نے کہا کہ فواد چوہدری پر مالی فراڈ کے کیس میں 10 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔فواد چوہدری کے وکیل قیصر امام نے کہا کہ میں نے ابھی کیس لیا ہے، فائل دیکھنے کے لیے وقت درکار ہے، فواد چوہدری سپریم کورٹ کے وکیل ہیں، وزیر رہ چکے ہتھکڑی نہ لگائی جائے۔

جج محمد سہیل نے سوال کیا کہ کیا یہ ساری چیزیں فواد چوہدری کو باقی قیدیوں سے بالاتر بناتی ہیں؟ وکیل صفائی قیصر امام نے کہا کہ کمرہ عدالت کے اندر ہتھکڑی نہ لگائیں، فواد چوہدری وکیل ہیں، فواد چوہدری کو کبھی منہ ڈھانپ کر کبھی ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جاتا ہے، فواد چوہدری میڈیا کی ہیڈ لائنز بنتے ہیں، ہتھکڑی لگا کر پیش نہ کیا جائے،

فواد چودھری کو نیچا دکھانے کے لیے یہ سب کیا جاتا ہے، برصغیر میں ہتھکڑی تذلیل کے لیے استعمال کی جاتی ہے، کل فواد چوہدری ہماری اسمبلی میں نمائندگی کر رہے ہوں گے جس پر جج محمد سہیل نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ کر مناسب آرڈر کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں