اسٹیٹ بینک

سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 50 فیصد اضافہ

کراچی(گلف آن لائن)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر50.29 فیصد اور سعودی عرب سے درآمدات میں 38 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو 386.20 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 256.96 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 50.29 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق جنوری میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات کاحجم 57.97 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جودسمبرمیں 52.61 ملین ڈالراورگزشتہ سال جنوری میں 35.58 ملین ڈالرتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 2.78 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 2.02 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیاتھا۔

جنوری میں سعودی عرب سے 389.17 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں جودسمبرمیں 362.53 ملین ڈالراورگزشتہ سال جنوری میں 265.68 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2023 میں سعودی عرب سے درآمدات پر3.324 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں