ہمایوں اختر خان

ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے اتحاد ،یگانگت کیساتھ سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ‘ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ( نمائندہ خصوصی)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے باہرنکالنے کیلئے مضبوط اتحاد اور یگانگت کے ساتھ سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ،

اپنے وعدے کے مطابق عوام کے شانہ بشانہ چلیں گے ،حلقے کی عوام سے موثر رابطو ں اور ان کی خدمت کیلئے دفاتر قائم کر رہے ہیں ،علاقے کی ترقی کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں جو ممکن ہوسکا وہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر مختلف برادریوں کے عمائدین ،پارٹی رہنمائوںاور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے اشفاق احمد گجر ایڈووکیٹ ،مراد خان ،محمد شیر سے ان کی والدہ ،تاندلیانوالہ میں صدر پریس کلب آصف اقبال جٹ ،صابر خان بلوچ ، نزاکت علی سے ان کے والد ،محمد علی سے ان کی صاحبزادی اورمحمد شوکت سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا دوسرا نام ہے ، سیاست میں ایک معیار متعارف کرائیں گے جس سے علاقے میں خوشگوار تبدیلی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میری آئندہ کی سیاست اس حلقے کیلئے ہے اور ان شا اللہ اپنے وعدے پر پہرہ دوں گا ۔

میں اور میرے ساتھی ہر کڑے وقت میں عوام سے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ علاقہ عمائدین کی جانب سے حلقے کی عوام سے مسلسل رابطہ رکھنے اور ان کی غمی خوشی میں شرکت کرنے پر ہمایوں اختر خان سے بھرپور اظہار تشکر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں