خواجہ سلمان رفیق

ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنایا جائے’خواجہ سلمان رفیق

لاہور (نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا،جس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حماد الرب و دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جاری ترقیاتی سکیموں اور ری ویمپنگ کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر فیصل آباد کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے پر بھی اجلاس کی صدارت کی۔

وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، ایکسیئن، ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر فہیم و دیگر ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ افسران سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے منصوبے کی خود نگرانی کریں۔

ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ مدر اینڈ چائلڈ بلاک گنگارام، سروسز ہسپتال لاہور، میئو ہسپتال لاہور، ڈی ایچ کیو ساہیوال، ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ، کارڈیالوجی ہسپتال ڈی جی خان، انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی،

نشتر ٹو ملتان، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کا بائیو میڈیکل سامان بھی جلد خریدا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے شعبہ صحت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں