رانا تنویر حسین

عوام کی سہولت کیلئے رمضان پیکج 6 ارب سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب کردیا گیا ہے،رانا تنویر حسین

لاہور (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے رمضان پیکج 6 ارب سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز شیخوپورہ میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،رمضان پیکج میں اضافے سے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز دن رات ایک کر کے عوام کو ریلیف دینے میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام کابینہ ارکان کو اپنی اپنی وزارت میں اصلاحات اور بہتری کے لیے اہداف دیئے ہیں اور خود ہر وزارت کی کارکردگی کو خود جانچنے کا عندیہ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے، بد عنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ہماری کوشش ہے کہ پہلے کی طرح ملکی معیشت مستحکم ہو۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر معیاری اشیا خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،ایک فلور مل کو غیر معیاری آٹے کی فراہمی پر بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکو متی اقدامات سے ہر شعبے میں بہتری آرہی ہے،میں نے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورز کے سرپرائز دورے کئے ہیں،مجموعی طور پر تمام انتظامات اطمینان بخش ہیں تاہم شہریوں سے اپیل ہے کہ اگر کہیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوئی کرپشن کی شکایات ہوں تو اس کی اطلاع دیں تا کہ ایسے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے شیخوپورہ میں یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کیا،رمضان پیکج کے ترسیل اور عوام تک رسائی کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں