نجم سیٹھی

نجم سیٹھی کا ایف آئی اے کے پی سی بی کی خاتون عہدیدار کیساتھ نامناسب رویے پر اظہار افسوس

لاہور (گلف آن لائن)سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے پی سی بی پر چھاپے کے دوران اسٹاف سے بدتمیزی کے معاملے پر اظہار افسوس کردیا ہے۔

اپنے بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ایف آئی اے حکام پی سی بی ٹکٹنگ ہیڈ مہوش کو ساتھ لے گئے، مہوش نے پہلے پی ایس ایل، پھر بطور ٹکٹنگ ہیڈ پاکستان کرکٹ کیلئے اہم کام کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پی ایس ایل میں 60 کروڑ کے ٹکٹ فروخت ہوئے لیکن مہوش پر 80 ہزار کی کرپشن کا الزام ہے، پی سی بی کی ایک پروفیشنل کے ساتھ اس طرح کا رویہ قابل افسوس ہے۔

نجم سیٹھی نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین پی سی بی معاملے کی تحقیقات کریں اور اپنے آفیشلز کے ساتھ انصاف کریں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مختلف کرکٹ سیریز کے ٹکٹس کی فروخت میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر ایف آئی اے نے پی سی بی کے عملے سے تفتیش شروع کی تھی،

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے ماتحت کام کرنے والی ایک خاتون اور دیگر دو ملازمین کو پوچھ گچھ کیلئے ایف آئی اے دفتر طلب کیا گیا تھا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کی مد میں جاری کیے گئے چیکس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں