لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ شیخ مجیب الرحمن کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ہم نے کیا کرنا ہے، پی ٹی آئی خود اپنے اوپر پابندی لگا رہی ہے، ملک میں انصاف سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، ہم نے عدم برداشت کا کلچر پروان چڑھتے دیکھا، جو کہ تکلیف دہ ہے ،سماجی رویوں میں بتدریج تبدیلی آتی ہے،ہم سب میں یکساں چیزپاکستانیت ہے ، ایک پرچم کے نیچے سب کو ایک ہونا چاہیے، جسٹس (ر)تصدق حسین جیلانی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، انہوں نے اقلیتوں کے حقوق پر سوموٹو لیا ۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا مذہبی رواداری کے حوالے سے پاکستان ایسا نہیں تھا جو افغان وار کے بعد ملا ، ہم نے عدم برداشت کو پروان چڑھتا دیکھا ہے ۔عدم برداشت کا کلچر ہم سب پاکستانیوں کے لیے تکلیف دہ ہے۔اعظم تارڑ نے کہا کہ ایک پرچم تلے ساتھ چلیں گے تو بحث و مباحثے کی ضرورت نہیں پڑےگی، ہم سب میں یکساں چیز پاکستانیت ہے، ملک میں انصاف سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں جسٹس (ر)تصدق جیلانی کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں انہوں نے سوچ سمجھ کر سوموٹو نوٹسز لیے ۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم نے مجھے خاص طور پر انسانی حقوق کا قلمدان سونپا ہے ۔ وزیراعظم نے اقتدار سنبھالا تو مجھے پینڈنگ ایشوز کو حل کرنے کی ہدایات دیں ، اقلیتی حقوق کیلئے موجودہ ڈرافٹ میں اقلیتوں کی 95فیصد اِن پٹ ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے بنائے گئے کمیشنز سے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں ، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی سلیکشن پارلیمان میں الیکشن کے ذریعے ہوتی ہے ، یو این گریڈیشن میں نیشنل کمیشن فار ہیومن راٹس کو اے گریڈ ملا ہے۔انکا کہنا تھا کہ نیت اچھی ہو تو اللہ اس میں برکت ڈالتا ہے ، ہم سب کی خواہش ہے اقلیتوں کی اعلی عدلیہ میں شمولیت ہونی چاہیے ، اقلیتوں میں جو لوگ اہل ہیں انہیں اعلی عدلیہ میں ہونا چاہیے۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے ایک فورس تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ سماج اور رویوں میں بتدیج تبدیلی آرہی ہے۔
دری ںاثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا ہے کہ شیخ مجیب الرحمن کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ہم نے کیا کرنا ہے، پی ٹی آئی خود اپنے اوپر پابندی لگا رہی ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن کروا رہے ہیں، اپنا انتخابی نشان بھی گنوا دیا۔علاوہ ازیں پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رات گئے پیٹرول کی قیمتوں کے معاملے پر کیا ہوا کچھ علم نہیں، ریٹائرڈ ججز پر مشتمل الیکشن ٹریبونلز قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔