علی امین گنڈا پور

علی گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درج مقدمات کی سماعت 8 جولائی کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ د یتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بذریعہ ویڈیو لنک پیشی سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درج مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست کی گئی۔ جج طاہر عباس سپرا کے ریمارکس دیئے کسی کی حاضری سے استثنی کی درخواست قبول نہیں ہو گی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہو سکتا، حاضری پوری نا ہونا ملزمان پر ہے یا کورٹ پر ہے۔

پی ٹی آئی وکلا نے جواب دیا کہ حاضری پوری کرنا ملزمان پر ہے، جس پر جج نے کہا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، اگلی پیشی پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی ہو گی۔ جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہے ہیں، آئندہ پیشی پر حاضری کی مکمل یقین دہانی کرائی جائےگی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے۔ وکلا صفائی کی جانب سے کہا گیا کہ ایک موقع دیا جائے اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے، جس پر جج کا کہنا تھا جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا، عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کیلئے 30 دن ضروری نہیں ہیں، میں نے ان کیسز کو انجام تک پہنچانا ہے، آپ کا ہی اس میں فائدہ ہو گا۔ فاضل جج کا کہنا تھا اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے، عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔

جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا تماشا بنا ہوا ہے ایک آتا ہے دو نہیں آتے، 8 جولائی کو کوئی بیمار ہو، بخار ہے، کچھ بھی ہو، جو نہ آیا اسےاشتہاری قرار دیں گے، 8 جولائی کے بعد کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی سے متعلق سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب بھی طلب کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں