دفترخارجہ

پاکستان کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں، ہم باہمی احترام کے ساتھ تعلقات پر یقین رکھتے ہیں، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں اور نہ ہی بلاک کی سیاست پر یقین رکھتا ہے ، ہم باہمی احترام کے ساتھ تعلقات پر یقین رکھتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان میں مذہبی آزادی کے حوالے سے رپورٹ حقائق کے منافی ہے، آدھی سے زائد رپورٹ غلط اور بغیر تحقیق کی ہے، پاکستان میں جمہوریت فعال اورہر فرد کو مذہبی آزادی حاصل ہے،پاکستان کو افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں کے سپورٹ کے متعلق تحفظات ہیں، پاکستان اور افغانستان تحفظات پر ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آستانہ میں سرکاری دورے پر ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور ایس سی ای او ممبران سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آستانہ میں مختلف رہنماوں سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے وزارئے خارجہ اور دیگر ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یکم جولائی کو پاکستان اور بھارت نے قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا، پاکستان کے 365 بھارت میں قیدیوں کی فہرست بھی شئیر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ 1971 کی جنگ میں ممکنہ طور پر بھارت کی جیل میں قید فوجی اہلکاروں کی فہرست بھی بھارت کے حوالے کی گئی ہے، جب کہ پاکستان نے بھارت میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان میں مذہبی آزادی کے حوالے سے رپورٹ حقائق کے منافی ہے، آدھی سے زائد رپورٹ غلط اور بغیر تحقیق کی ہے۔ امریکہ کی مذہبی آزادی سے متعلق رپورٹ کی تیاری میں شفافیت نہیں ہے۔ مذہبی آزادی سے متعلق پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اس طرح کی رپورٹس انسانی حقوق کے فروغ میں معاون نہیں۔ پاکستان میں ہر فرد کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے امریکی مخالف قراداد زیر غور ہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہے، ہم ایک دوسرے کے ساتھ مختلف معاملات پر رابطہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غزہ کے میڈیکل کے طالب علموں کو پاکستان کے میڈیکل کالجز میں داخلے دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ طالب علم پاکستان کے میڈیکل کالج میں میڈیکل کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ دوحہ تھری مذاکرات میں آصف درانی نے پاکستان کی نمائندگی کی، یکم جولائی کو افغان اور پاکستانی حکام کے درمیان ملاقات ہوئی، آصف درانی نے دہشتگردی میں افغانستان کی سرزمین کے استعمال اور پاکستانی طالبان کی معاونت پر افغان وفد کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں کے سپورٹ کے متعلق تحفظات ہیں، پاکستان اور افغان حکام کے درمیان دوحہ میں بھی تحفظات پر بات چیت ہوئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں ہے، پاکستان بلاک کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، ہم باہمی احترام کے ساتھ تعلقات پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان اور روس کے درمیان مثبت تعلقات ہیں جو ایک دوسرے سے باہمی تعاون پر بات چیت کرتے ہیں، روس کے ساتھ گزشتہ سالوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بانی پی ٹی آئی کے بارے میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ بھی مسترد کردی اور کہا کہ اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی یہ رپورٹ غیر ضروری ہے۔ پاکستان میں جمہوریت فعال ہے ۔ ایک سوال پر دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں عدالتیں ملکی قوانین کے مطابق فیصلے صادر کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں