قومی اسمبلی

پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا کی قومی اسمبلی میں آزاد حیثیت کا انکشاف ،نیا پنڈورا بکس کھل گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماﺅ ں بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب کی قومی اسمبلی میں آزاد حیثیت کے انکشا ف کے بعد نیا پنڈورا بکس کھل گیا ہے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 39 اراکین قومی اسمبلی کی پی ٹی آئی سے وابستگی تسلیم کئے جانے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے والے اراکین کی فہرست سامنے آگئی ۔رواں برس 8 فروری کو منعقدہ انتخابات میں رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور عمر ایوب کا بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔پی ٹی آئی کی موجودہ مرکزی قیادت نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں بھی پارٹی سے وابستگی ظاہر نہیں کی تھی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں آزاد حیثیت میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے اراکین کو پی ٹی آئی میں شمولیت کے لئے وقت دیا تھا۔بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بجائے آزاد رہنے کو ترجیح دی تھی اور سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرنے والی مرکزی قیادت بھی کاغذات نامزدگی میں پارٹی سے وابستگی ظاہر نہ کرسکی۔

کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی سے وابستگی ظاہر نہ کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں علی محمد خان، شہریار آفریدی، شیخ وقاص اکرم، حماد اظہر کے والد میاں اظہر، جمشید دستی اور ریاض فتیانہ بھی شامل ہیں۔پی ٹی آئی سے اپنی وابستگی ظاہر نہ کرنے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، عاطف خان اور ثنا اللہ مستی خیل کے نام بھی ہیں۔قومی اسمبلی میں آزاد حیثیت رکھنے والوں میں علی اصغر خان، مبارک زیب، محمد اسلم گھمن، عثمان علی، ظہور احمد، اورنگزیب کچھی بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں