اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں ،اسکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے ،اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اسرائیل کی سفاکیت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ، فلسطین کے اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کی دعاء اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں،اسکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے ،اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اسرائیل کی سفاکیت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے،وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہیں کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت اور سکیورٹی فورسز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے،اسرائیل کو اس کی ظالمانہ کارروائیوں کی کڑی سزا دی جائے ،اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر اپنے فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔