وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

اقوام متحدہ(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔اقوام متحدہ کی مقررین کی عبوری فہرست کے مطابق وزیراعظم کی تقریر کی تاریخ 26ستمبر تھی تاہم پاکستانی مشن نے اس تا ریخ میں تبدیلی کی درخواست کی تھی۔193 رکنی اسمبلی کے 79ویں اجلاس کی اعلیٰ سطحی بحث 24 سے 30 ستمبر تک ہو گی۔یہ دوسرا موقع ہو گا جب وزیر اعظم شریف اقوام متحدہ کے اہم پالیسی ساز ادارے جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے گذشتہ خطاب 2022 میں کیا تھا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ترجمان مونیکا گریلے کے مطابق، اب تک 130 سے زائد عالمی رہنماﺅں نے آئندہ ہونے والی اس بحث میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔وہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے مسائل پر بات کریں گے۔اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ مقررین کی عبوری فہرست حتمی نہیں ہے۔ اقوام متحدہ اسے سیشن سے پہلے کے ہفتوں میں باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرتا ہے تاکہ اس شیڈول کو لیڈروں، وزراءاور سفیروں کی حاضری، نظام الاوقات، اور بولنے کے مقامات میں کسی قسم کی تبدیلی کے مطابق بنایا جا سکے۔اسمبلی کا 79 واں اجلاس، جو دراصل 10 ستمبر کو شروع ہو رہا ہے، یہ اجلاس اس وقت ہو رہا جبکہ فلسطین، یوکرین اور سوڈان سمیت کئی فعال تنازعات کے ساتھ دنیا میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔

لیکن اسمبلی کے بھاری ایجنڈے کا مقصد ایک نئے عالمی ترقی کے ایسے فریم ورک کی تشکیل بھی طے کرنا ہے جو کرہ ارض کی حفاظت کرتا اور تمام لوگوں کے لیے مساوات، انصاف اور خوشحالی کو فروغ دیتا ہو۔برازیل، جو روایتی طور پر بحث کا آغاز کرتا ہے، 24 ستمبر کو اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاس کا آغاز کرے گا۔اس کے بعد میزبان ملک امریکہ کے صدر جو بائیڈن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مشہور ہالمیں عالمی رہنماﺅ ں سے اپنی صدارت کا آخری خطاب کریں گے۔سیشن سے پہلے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس پچھلے سال کے ادارہ کی طرف سے کئے جانے والیکام پر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔

اقوام متحدہ نے سربراہی اجلاس کو ایک اعلیٰ سطحی تقریب کے طور پر بیان کیا ہے جس کا مقصد ایک بہتر حال فراہم کرنے اور مستقبل کے تحفظ کےلئے ایک نیا بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق موثر عالمی تعاون ہماری بقا کےلئے بہت اہم ہے لیکن پرانے ڈھانچے کا استعمال کرتے ہوئے بداعتمادی کی فضا میں اسے حاصل کرنا مشکل ہے، جو آج کے سیاسی اور اقتصادی حقائق کی عکاسی نہیں کرتے۔ اقوام متحدہ کے مطابق طے شدہ دیگر اہم اجلاسوں میں سطح سمندر میں اضافے سے پیدا ہونے والے وجودی خطرات سے نمٹنے کےلئے اعلی سطحی مکمل اجلاس بدھ 25 ستمبر،جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے عالمی دن کو یاد رکھنے اور اسے فروغ دینے کےلئے اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات 26 ستمبر اور اینٹی مائکروبیل مزاحمت پر اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات 26 ستمبر کو ہونا شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں