کامران ٹیسوری

پاکستانی معیشت ترقی کی جانب گامزن، سب اپنا حصہ ڈالیں گے’کامران ٹیسوری

لاہور (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کرنے جارہی ہے ، ہم سب اس میں اپنا حصہ ڈالیں گے،پاکستان ترقی کرے گا کیونکہ اس وقت اقتدار میں موجود لوگوں کے درمیان سیاسی جنگ نہیں ہے ،آرمی چیف سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان الہجویری کے سالانہ عرس کے آخری روز دربار شریف پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کی سر بلندی کیلئے داتا دربار پر دعا کی، اللہ نے جس دن منصب پر بٹھایا کوشش ہے ہم اپنے عوام کے لیے بہترین فرائض سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے پاکستان ترقی کرے گا کیونکہ اس وقت اقتدار میں موجود لوگوں کے درمیان سیاسی جنگ نہیں ہے، میں مریم نواز کے لیے دعا گو ہوں کہ وہ پنجاب کے عوام کے لیے بہتر سے بہتر کام سر انجام دیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، آرمی چیف پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو جذبہ یہاں موجود عاشقان رسول میں ہے ان کے ہوتے ہوئے پاکستان کی طرف دیکھنے والوں کی آنکھیں نکالیں گے، پاکستان کی معیشت ترقی کرنے جا رہی ہے، ہم سب اس میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔قبل ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دربار شریف پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔جبکہ ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ دربار اقدس داتا صاحب سے ہمارے لیے ہدایت ہے، داتا کی نگری ہمارے لیے شمعِ ہدایت ہے، ہمیں بھلائی کے کاموں میں توجہ دینا ہوگی۔محکمہ اوقاف حکام نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں