عطاتارڑ

پی ٹی آئی کو ملکی ترقی کی تکلیف ، مروڑ اٹھ رہے ہیں،انہیں معلوم ہے ملک ترقی کر گیا تو ہمارے پلے کیا رہے گا’ عطا اللہ تارڑ

لاہور(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی کی بڑی تکلیف ہے اور ان کے پیٹ میں مروڑ اڑھ رہے ہیں،انہیں معلوم ہے کہ ملک ترقی کر گیا تو ہمارے پلے کیا رہے گا،واضح کرنا چاہتے ہیں کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو سبوتاژ کرے،یہ فخر کی بات ہے کہ کئی دہائیوں بعد 12ملکوں کے سربراہان مملکت پاکستان آرہے ہیں، ریڈ زون کے قریب کسی کو پھڑکنے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی نے صرف بھارت کے وزیر خارجہ کو اپنے دھرنے اور احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں 12ممالک آرہے ہیں ان کو کیوں مدعو نہیں کیا؟

،وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ غیر سنجیدہ شخص ہیں،فیڈریشن کے خلاف سرکاری اسلحہ استعمال کرتے ہیں،سعودی وفد پاکستان آرہا ہے ،معیشت بہتر ہو رہی ہے، عالمی جریدے کہہ رہے ہیں پاکستان کی معیشت ٹیک آف کر رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ ایشیا ء کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں سے ہے،مہنگائی کا سنگل ڈیجٹ میں آنا معجزے سے کم نہیں،کسی کو ان کے مطالبات نہیں پتہ کہ دھرنے کا مقصد کیا ہے ، ان کا مقصد صرف وہی ہے جو 9مئی کو تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ماڈل ٹائون میں واقع مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 2018کی جو حکومت تھی اس نے پاکستان کو تنہائی کا شکار کیا تھا لیکن اب اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے وہ معاملہ بہتری کی طرف گیا اور آج ساری دنیا پاکستان کی نہ صرف معاشی پالیسیوںکی معترف ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں ،پاکستان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بے حد پذیرائی ملی ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف نے واشگاف الفاظ میں پوری قوم بلکہ مسلمہ امہ کی امنگوںکی ترجمانی کی ہے ،فلسطین کا مقدمہ بڑے موثر انداز میں لڑا گیا ہے ، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت بخشی ،جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ساری دنیا سے نمائندے موجود تھے تو ہمارے وزیر اعظم نے ان کے سامنے فلسطین کا مقدمہ پیش کیا ،

کشمیر کے حوالے سے آواز اٹھائی کہ وہاں مظالم جاری ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف فلسطین اور کشمیر کاز کے علمبردار بنے اور شہباز شریف نے اس کاز کو بھرپور طریقے سے اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں ،ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی پاکستان آئے اور ڈپلومیسی میں نئی جدت آئی ، پاکستان نے انہیں بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہا اورپاک ایران تعلقات میں مضبوطی آئی ، سعودی عرب سے تعلقات دیکھیں ہمیں وہاں جو عزت ملی اب ان کا ایک وفد آرہا ہے ان سے تعاون بڑھ رہا ہے ،ملائیشیاء کے وزیر اعظم پاکستان سے ہو کر گئے ہیں، ملائیشیاء کے وزیر اعظم پاکستان میں موجو د تھے اور پی ٹی آئی والوںنے ڈی چوک کی طرف مارچ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر کی تمام مکاتب فکر ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں اورتمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوںنے تعریف کی ۔ بہت سے تحریک انصاف کے لوگوں نے بھی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات اپنی جگہ لیکن شہباز شریف نے فلسطین ، کشمیر اور مسلم امہ کے کاز کے اوپر جو بات کی وہ بہت اچھی تھی ، انہوں نے پاکستانیت اور امہ کی بات کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشین وزیر اعظم نے پاکستان سے حلال گوشت کی برامد کے حوالے سے بات کی اور کہا ہے کہ ہم اس کی برآمدات کو200ملین ڈالر تک بڑھائیں گے،چاولوں کی برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے بات کی گئی ہے اور کہ ہم اسے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ ٹن تک بڑھائیں گے اور اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا ،دنیا پاکستان کو مان رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ پاکستان سے تجارت اور سرمایہ کاری کریں گے،معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں ، مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آئی ہے ، عالمی مالیاتی جریدے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کر رہی ہے ،سٹاک مارکیٹ ایشیاء میں ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے آتے ہی معاشی پالیسی واضح کی کہ ہم رائٹ سائزنگ ،ڈائون سائزنگ کریں گے ، حکومت کا سائز چھوٹا اور اخراجات نیچے لے کر آئیں گے ،پی ڈبلیو ڈی جو کرپٹ محکمہ تھا جو سالانہ کئی ارب کی کرپشن کر رہا تھا اس کو ختم کیا گیا ،ایف بی آر میں کرپٹ افسران کو سائیڈ لائن کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کہتا ہے کہ شہباز شریف مین آف ایکشن ہیں ، ملائیشین وزیر اعظم کہتے ہیںکام کرنے والے وزیر اعظم ہیں اور پوری دنیا کام دیکھتی ہے ، چین کہتا ہے شہباز سپیڈ پاکستان سپیڈ بن چکی ہے ، رجب طیب ادرگان نے کہا کہ آپ کی معاشی پالیسی بہت اچھی ہے اس سے سرمایہ کاری بڑے گی ۔

پاکستان کی برآمدات 14فیصد اوپر چلی گئی ہیں،آپ کے دور میں مہنگائی 30فیصد پر تھی ،آج مہنگائی کا سنگل ڈیجٹ میں آنا معجزے سے کم نہیں ۔ نجکاری کی طرف جارہے ہیں ،پی آئی اے کے معاملے میں پیشرفت ہو رہی ہے ۔فچ اورموڈیز نے ہماری ریٹنگ اپ گریڈ کی ہیں ، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی گئی ہے ،ٹیکس نیٹ کو وسعت ملی ہے اور فائلر ز کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے ، جتنے لوگ فائلر بنیںگے اتنا ہی اس ملک کا بھلا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو معاشی پالیسی اوروژن دیا تھا اس پر کام شروع ہوا اور دنیا نے تعریف کی کہ پاکستان کی معیشت ابھرتی ہوئی معیشت ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کو ڈیفالت کے دہانے سے بچا کر لائے ہیں، ایم ڈی آئی ایم ایف کہہ رہی ہیں کہ آپ نہ ہوتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا ، ورلڈ بینک کے صدر کہہ رہے ہیں آپ کی معاشی پالیسی بہت اچھی ہے اس سے عوام کابھی بھلا ہوا ۔ ہم نے بجلی پر سبسڈی دی ، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم ہوئی ہیں ، گزشتہ سال جو آٹا 160پر چلا گیا تھا اب 80روپے پر آگیا ہے ،پیٹرول جو 320پر چلا گیا تھا وہ 239پر آیا ہے ، پانچ مرتبہ پیٹرول کی قیمت کم کی گئی ہے ، یہی ترقی کا راستہ ہے ، ہمارا وژن ہے کہ پاکستان جی 20میں شامل ہوگا ، پاکستان کے عوام خوشحال ہونگے لیکن دوسری طرف طرف انتشار ہے تشدد ہے تباہی اور بربادی کا منظر ہے۔

سوال ہے یہ دھرنے اور مارچ کیوں ہو رہے ہیںکیونکہ انہیں پاکستان کی ترقی قابل قبول نہیں ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ان کو رات کو نیند نہیں آتی ۔ ایک تو ایسا ہوتا ہے کہ ملک کے حالات خراب ہیں ، ملک ڈیفالٹ کر جائے گا تو نیند نہیں آتی لیکن انہیں اس لئے نیند نہیں آتی کہ پاکستان کے حالات ٹھیک کیوں ہو رہے ہیں ،انہیں پریشانی ہے کہ ملک ترقی نہ کر جائے اگر ملک ترقی کر گیا تو ہمارے پلے کیا رہ جائے گا ،ہمارا بیانیہ جو فوج کے خلاف ہے ،ریاست کے خلاف ہے ،آرمی چیف کے خلاف ہے ، باہر جا کر جو ہم اپنے ملک کے خلاف لابنگ کرتے ہیں اس کا کیا بنے گا ،آئیں آپ پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالیں ۔ مہنگائی کم ہوئی ہے اور 6.9پر آئی ،آپ بھی خیبر پختوانخواہ میں ٹرانسپورٹرز کے خلاف ایکشن کریں کہ پیٹرول کی قیمتیں پانچ مرتبہ کم ہوئی ہیں کرائے کیوں کم نہیں ہوئے ۔آپ کہیں کہ لاہور میں پی کے ایل بنا ہے میں خیبر پختوانخواہ میں اس سے بڑا بنائوں گا لیکن آپ تو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی حالت کو بہتر نہیں کر سکے ، وہاں سکول ،کالجز اورنہ یونیورسٹیاں ہیں،آپ نے خیبر پختوانخواہ کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کیا کام کیا ہے ؟ ۔ جیسے ہی معیشت بہتر ہوئی انہوں نے پھر وہی کام کیا ہے جو 2013میں دھرنے دے کر کیا گیا تھا ۔ریڈ زون میں دھرنے کا مقصد کار سرکار کو مفلوج کرنا ہے تاکہ ملک میں ترقی نہ ہو ابھی بھی ان کا یہی مقصد ہے لیکن میں واضح بتا دو ہم کسی کو اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کرے ،

یہ پاکستان کے لئے اعزاز اورفخر کی بات ہے کہ 12ملکوں کے سربراہان مملکت پاکستان آرہے ہیں۔ہم اسلام آباد کو سجا رہے ہیں تاکہ وہ یہاں سے امیج لے کر جائیں اچھی سوچ لے کر جائیں کہ پاکستان میں مواقع ہیں کہ ہم سرمایہ کاری کریں گے تجارت کریں گے، ہم پاکستان کے پوٹینشل کو مانتے ہیں ہم پاکستان کا یہ چہرہ دکھانا چاہتے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ان شا اللہ کسی کو بھی ریڈ زون کے قریب پھڑکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، تمام معاملات خوش اسلوبی سے چلیں گے اور یہ کانفرنس خیریت سے اختتام پذیر ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ انہوں نے عثمان بزدار کو کمائی کے لئے مسلط کیا تھا ، اب خیبرپختوانخواہ میں بزدور ٹو لگا دیا گیا ہے ، عثمان بزدار کو یہ وسیم اکرم پلس کہتے تھے لیکن خیبر پختوانخواہ میں وسیم اکرم پلس پلس پلس لگا دیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ علی امین گنڈا پور بھڑکیں مارتا ہے ، خیبر پختوانخواہ کا سرکاری اسلحہ فیڈریشن کے خلا ف استعمال کرتا ہے ، وہاں سے سرکاری مشینری لائی گئی ، آنسو گیس کے شیل لائے گئے ۔ عوام کے ٹیکس کے کروڑوں روپے پیٹرول پر خرچ ہو چکے ہیں ، سرکاری گاڑیوں کے علاوہ پی ٹی آئی کی پرائیویٹ گاڑیوں میں سرکاری وسائل سے پیٹرول ڈلوایا جاتا رہا ہے ۔ انہوںنے خیبر پختوانخواہ کے سوا پورے ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے کیونکہ وہاں کا وزیر اعلیٰ اپنے لیڈر کو خوش کرنے کے لئے دھرنوں پر لگا ہے انہیں صرف یہی تکلیف ہے کہ ملک ترقی کیوں کر رہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے صرف بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو اپنے احتجاج اور دھرنے میں مدعو کیا ہے ،باقی ملک بھی ہیں ان کے سربرہان بھی آرہے ہیں انہیں کیوں دعوت نہیں دی گئی ۔ بیرسٹر سیف ٹاک شو میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ ہمارے دھرنوں اور احتجاج میں آئیں، آپ باقی ممالک کو بھی دعوت دے دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پر امن اور بہترین طریقے سے چلے گا۔ آپ ایک ہی ملک کو دعوت دیتے ہیں ، آپ بتائیں اس دھرنے کا مقصد ہے کیا آپ کے کوئی مطالبات سامنے آئے ہیں کہ مہنگائی کو اورکو کم کرو ، معیشت کو بہتر کرو ، خیبر پختوانخواہ میں دہشتگردی ہو رہی ہے اور آپ اسلام آباد پر چڑھائی کر رہے ہیں،آپ کنٹینر لے کر اسلام آباد کی طرف مارچ کر رہے ہیں، ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت دیں گے نہ کسی کو ریڈ زون کے قریب پھڑکنے کی اجازت دی جائے گی ، فوج بھی آ گئی ،رینجرز بھی تعینات ہے ، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتا ژ نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ان کے احتجاج اور دھرنے کے کوئی مقاصد نہیں ہمیں پتہ ہے یہ صرف این آر او کی کوشش ہے ، آپ کے کیس عدالتوں کے اندر ہیں وہاں دلائل دیں ، لیڈر کو چھوڑ دیں ، ہم سے بات کر لو ،ہم بات کرنا چاہتے ہیں ، کسی کو ان کے مطالبات نہیں پتہ کہ دھرنے کا مقصد کیا ہے ،

ان کا مقصد صرف وہی ہے جو 9مئی کو تھا۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کو بانی چیئرمین عمران خان کی تینوں بہنوں ، بھانجا کور کمانڈر ہائوس کے باہر تھے پھر کہتے ہیں ہم نہیں تھے کوئی اور تھا، بھئی اگر گئے ہو تو مانو اس بات کو ، وہاں محمود الرشید تھے ، ایک رہنما گاڑی کے اوپر چوکڑی مار کر بیٹھا تھا ،یاسمین راشد تھیں جو کہہ رہے ہیں ہم کور کماندڑ ہائوس کے اندر جارہے ہیں ، سب کی ویڈیوز موجود ہیں تقریری ں موجود ہیں لیکن کہتے ہیں ہم نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دیسی مرغی میسر ہے ،ایکسر سائز کے لئے سائیکل ،واکنگ گیلری ، اب کہہ رہے ہیں مجھے ڈمبر دو میں نے ڈولے بھی بنانے ہیں ، آپ کو دیوار بھی بنا دیتے ہیں دروازہ لگا دیتے ہیں شام کو باہر چلے جایا کریں اور گھوم پھر آیا کریں ،آپ ویسے بھی پارٹی کے بہت شوقین ہیں آدمی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو لیٹر کیوں لکھے گئے اسی لئے کہ ملک کو برباد کرنا چاہتے تھے،آپ 9مئی کے حملے کرتے ہیں ، باہر اپنے ملک کے خلاف لابنگ کرتے ہیں ،آپ کو باہر سے فنڈنگ آتی ہے ، آپ گولڈ اسمتھ آپریشن کا حصہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری ، حافظ نعیم الرحمن ملے ہیں ،7اکتوبر کو یوم اظہار یکجہتی فلسطین منائیں گے، سارے ملک میں واکس سیمینارز ہوں گے مظاہرے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایک سوال ہے بانی چیئرمین عمران خان نے ہم کوئی غلام ہیں یا ایبسیلوٹلی ناٹ کس موقع پر کہا تھا، کسے کہا تھا اور کیوں تھا ، امریکہ نے کوئی چیز مانگی تھی جس کے لئے یہ بات کہی گئی اس کی کوئی دستاویز ہے ۔ آپ ریاست مدینہ کا نام لے کر لوٹتے رہے ۔ پہلے آپ کہتے رہے امریکہ نے ہمارے خلاف سازش کی اور اب اسی امریکہ کو کہہ رہے ہیں ہمارے لئے لیٹر لکھ دو قرارداد منظور کر دو ، اگر غلامی نا منظور کی بات ہے تو وہاں کیوں منت کر رہے ہو۔ انہوںنے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس کامیاب ہوگا ، ملک ترقی کرے گا ،عوام خوشحال ہوںگے اور تحریک انتشار کا جنون انا للہ وہ انا الہ راجعون۔سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تریسٹھ اے کے معاملے پر آئین کو ری رائٹ کیا گیا تھا، آئین لکھنا پارلیمان کا کام ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین کی منشاء واضح ہوئی ہے ، جو غلط اقدام تھا اسے ریورس کیا گیا ہے ،آئین بالکل واضح ہے ۔انہوںنے کہا کہ لبنان کے حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا ہے اور واضح موقف اپنایا گیا ہے ،ہم لبنان اور فلسطین کے لئے امدادی سامان بھجوا رہے ہیں ۔پی ٹی آئی والے بڑے دنوں سے اڈیالہ جیل کھلوانے کی تاریخ دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ غیر سنجیدہ آدمی ہیں، آپ اپنے صوبے کی عوام کی خدمت کریں ،آپ لشکری کشی سے پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ، یہ ملک دشمن لوگ ہیں ،

علی امین گنڈا پور ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں ہوش کے ناخن لیں ، آپ پاکستان کے خلاف چل پڑے ہیں ، بہت جلد خیبر پختوانخواہ کے اندر سے آوازیں آنا شروع ہو جائیں گی ، میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ بہت برا سلوک دیکھ رہا ہوں جو عوام ان کے ساتھ کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قانومی طو رپر مقدمات قائم ہوئے ہیں ان کی پیروی کریں گے ، ابھی بھی ہوش کے ناخن لیں اورپاکستان کے خلاف محاذ نہ کھڑا کریں ۔انہوں نے بات چیت کے حوالے سے کہا کہ سیاسی راستہ تب ہوتا ہے جب آپ کی کوئی کمیٹی ہو بات کرے ۔ ویسے وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ بیک ڈور رابطے کرتے رہتے ہیں ، مگر ان کے کوئی مطالبات تو سامنے آئیں نہ ان کی کمیٹی ہے نہ انہوںنے بات کرنے کا اظہار کیا ہے یہ حملہ کرنا چاہتے ہیں ، جب حملہ کیا جاتا ہے تو پھر اسے پسپا کیا جاتا ہے بات چیت نہیں کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ میں خیبر پختوانخواہ کے سرکاری افسران سے کہتا ہوں آئین کہتا ہے آپ فیڈریشن کے نمائندے ہیں سرکاری وسائل کے غلط استعمال کو روکیں ، جو افسران غیر قانونی کام میں ملوث ہوئے ان کے خلاف بھی کارروائی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بہت سے قانونی آپشنز ہیں جن پر غور ہو رہاہے ۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ نے ہمیشہ معاہدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کی ہے ،طے کچھ کرتے ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں ۔انہوںنے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر آپ جلائو گھیرائو کر کے یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان پر امن نہیں ہے مت آئیے یہ ملک دشمن لوگ ہیں ، وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب کی گئی ہے، اجلاس کے تمام شرکاء بحفاظت آئیں گے اور خیریت سے واپس جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں