بلاول بھٹو

آج کے کئی مخالفین ماضی میں وفاقی آئینی عدالت کی حمایت کر چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کے کئی مخالفین ماضی میں وفاقی آئینی عدالت کی حمایت کر چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 2007 سے ہر الیکشن میں عدالتی اصلاحات کے نفاذ کے منشور کے ساتھ حصہ لیا ہے، جن میں وفاقی آئینی عدالتوں کا قیام شامل ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 2006 کا میثاقِ جمہوریت، پی پی پی کے 2013 اور 2024 کے انتخابی منشور میں وفاقی آئینی عدالت کا ذکر موجود ہے، آج کے کئی مخالفین ماضی میں وفاقی آئینی عدالت کی حمایت کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کیلئے موجودہ مخالفت ذاتی پسند و ناپسند یا موجودہ سیاسی حالات کی بنیاد پر ہے، آئینی عدالت کے حوالے سے تقریبا دو دہائیوں سے ہماری جماعت کا مستقل موقف ایک ہی رہا ہے۔چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ میری قیادت میں ہر انتخاب میں منتخب ہونے والے نمائندوں کو عوام نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا مینڈیٹ دیا ، جس میں سب کی مساوی نمائندگی ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں