شبلی فراز

امریکا حسب روایت پاکستان سے زیادہ اپنے مفادات کا خیال رکھے گا، شبلی فراز

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ امریکا حسب روایت پاکستان سے زیادہ اپنے مفادات کا خیال رکھے گا۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ امریکا انتخابات دنیا کے لیے اہم ہوتے ہیں، امریکی ووٹرز اور حکومت اپنے مفادات کے تحت فیصلے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سپر پاور ہے اور کئی ممالک اس کو دیکھ کر خارجہ پالیسی بناتے ہیں، امریکا کی پہلی ترجیح اپنا ملک ہوتا ہے۔ شبلی فراز کا کہنا ہے کہ امریکی پہلے کوشش کرتے ہیں وہ اپنے ملک کو کیسے طاقتور اور بہتر بنائیں، بدقسمتی سے پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا اور ہم سیاسی طور پر کمزور ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر نے کہا کہ ہم بدقسمتی سے ایسی پالیسی بھی نہیں بنا سکتے کہ بتا سکیں کہ ہم آزاد و خودمختار قوم ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مفادات کا خیال ہمیں خود رکھنا ہو گا، پاکستان کی حکومت کو چاہیے کہ خود کو مستحکم کرتے ہوئے واضح پالیسی بنائے۔شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان ایسی پالیسی بنائے جس سے پاکستان کو فائدہ ہو، ایسا نہ ہو کہ ہم کسی اور کے مفاد کو دیکھتے رہیں، بد قسمتی سے ہماری کمزور حالت ہے، دو طرفہ تعلقات کے طریقہ کار پر کام کرنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں