راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)پنجاب پولیس نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے آنے والے متعدد رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔منگل کو پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ چوکی میں شفٹ کر دیا گیا، زیر حراست رہنما بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔زیر حراست رہنماؤں میں قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز،، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔ان کے علاوہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے تاحال پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو حراست میں لینے کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ان سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کیوں کی گئی۔پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے باہر سے رہنماؤں کو حراست میں لینے کو شرمناک قرار دیا اور کہا عمر ایوب خان، شبلی فراز، اسد قیصر، احمد بھچر، صاحبزادہ حامد رضا کو اڈیالہ جیل کے باہر سے عمران خان سے ملاقات کا اپنا اپنے قانونی حق استعمال کرنے پر حراست میں لیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ قانون کی حکمرانی کی قدر کرنے والے ہر شخص کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح بنیادی آزادیوں کو پامال کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق جن افراد کو گرفتار کیا گیا ان میں عمر ایوب خان، شبلی فراز، ملک احمد بھچر اور صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھایا گیا کہ عمر ایوب خان کو سخت سیکیورٹی کے درمیان سفید ٹویوٹا گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بٹھایا گیا، ویڈیو میں پولیس وین کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
٭٭٭٭٭