ترجمان پی ٹی آئی

پی ٹی آئی نے مذاکرات کی ایک ونڈوکھولی ہے ، کوئی بھیک نہیں مانگ رہے، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد(آئی این پی )سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کی ایک ونڈوکھولی ہے ،مذاکرات کیلئے کوئی بھیک نہیں مانگ رہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا سول نافرمانی کی کال کو کچھ دنوں کے لیے موخر کیا ہے، ان کو ایک موقع اور دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کی ایک ونڈوکھولی ہے،اگراسٹیبلشمنٹ حکومت کےساتھ نہیں بیٹھتی توبامعنی مذاکرات کیسے ہوں گے؟ ہم نے شرائط نہیں رکھی مگر ہمارے نکات پرہی بات ہو گی، ہم نے ونڈو کھول دی۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی پہل حکومت نے کرنی ہے، ہم اپنے اصولوں پرکبھی کمپرمائزنہیں کریں گے، جنگوں کے دوران بھی مذاکرات ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پارلیمانی سیاست پریقین رکھتے ہیں، اسد قیصر ،مولانا فضل الرحمان سے رابطے میں ہےں۔عمران خان نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی خواہش کا بالکل اظہار نہیں کیا،مولانا سے ملاقات کا ایک دوست نے مشورہ دیا تھا ، پی ٹی آئی سمجھتی ہے بے گناہ لوگ 9مئی کی معافی کیوں مانگیں؟ کمیشن بنائیں جو ملوث ہوں گے ان کو اون نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بہت بڑی جماعت ہے ، 90 ارکان سے زائد لوگ قومی اسمبلی میں موجود ہیں، پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے کوئی بھیک نہیں مانگ رہی، ہم مذاکرات کیلئے کوئی لیٹ نہیں گئے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے آرٹیکل 245 لگا کر ہمارے بندوں کو شہید کیا ، ہم مظلوم ہیں ہمارے ساتھ جبر اور فسطائیت ہوئی ہے، حکومت کو ہمارے پاس ڈائیلاگ کیلئے آنا چاہیئے، حکومت کو مسائل کو حل کرنے کیلئے چیزوں کو یقینی بنانا ہوگا۔ہم نے مذاکرات کیلئے کسی کے دروازے پر نہیں جانا۔جس دن مذاکراتی کمیٹی بنائی گئی اور سول نافرمانی تحریک کا اعلان کیا گیا اسی روز عمر ایوب کو گرفتار کرلیا گیا۔ بہترہے حکومت 9مئی اور 26نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنا دے تاکہ چیزیں سامنے آجائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں