شازیہ مری

پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کے حصول اور آمریت کیخلاف کھڑی رہی، شازیہ مری

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی پی واحد جماعت ہے جو ہمیشہ جمہوریت کے حصول اور آمریت کیخلاف کھڑی رہی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما شازیہ مری کا کہنا تھا کہ کارکنان اپنی قائدشہید بینظیر بھٹو کو خراج عقید ت پیش کرنے آتے ہیں، یہی جیالے شہید بی بی کے مشن کو جاری وساری رکھیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کا سب کو علم ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں کہا بی بی شہید محروم طبقے کی آواز تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ہر اس شخص کی آواز تھیں جس کو انصاف اور حقوق نہیں ملے، ہم نے شہید بینظیر بھٹو کی شکل میں ایک عظیم قائد کو کھویا ہے، ہم نےایک لیڈرنہیں اس آواز کو کھو دیا ہے،ان کی کمی شدت سے محسوس کی جاتی ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی، شہید بینظیر بھٹو کو بندوق کا نشانہ بنایا گیا۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ بےنظیرکوختم کرنےوالےان کےویژن کوختم نہیں کرسکے، محترمہ کو شہید کرنے والوں نے یہ نہیں سوچاہوگا کہ شہید کا مشن جیالے آگے لیکر چلیں گے، وہ لوگ بھٹو کو پھانسی دیتے وقت بھی غلط فہمی کا شکارتھے،محترمہ کو نشانہ بناتے وقت بھی،پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو جمہوریت کے حصول ،آمرانہ رویے کے خلاف کھڑی رہی۔

شازیہ مری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 90ہزار قیدی دشمن کی جیلوں سے آزاد کرائے، تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہے، دفاع کرنے والے نے پاکستان کیلئے دفاع کیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف پوری دنیا میں سازش رچی گئی، تمام تر مخالف کے باوجود شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی پاور بنایا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے جلسے میں جن باتوں کا ذکر کیا وہ اہمیت کی حامل تھیں، آج پاکستانی عوام سیاسی استحکام دیکھنا چاہتے ہیں، آج پاکستان کے لوگ امن ،دہشتگردی ،انتہاپسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے اپنی محنت سے پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک بار پھر رکھ دیا، بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کیلئے اہم کردار ادا کیا، ایک نااہل حکومت نے پاکستان کو نقصان پہنچایا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بلاول بھٹو وزیر خارجہ بنے تو پاکستان کو ایک آئسولیشن کا سامنا تھا، پاکستان 2022کے سیلاب میں چیلنجز کا سامنا کررہا تھا، بلاول بھٹو سیلاب میں پاکستان کیلئے باہر سے مدد لائے، جن لوگوں کی خدمات ملک کو مضبوط بنانے کیلئے رہیں ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے، آج ضرورت ہے کہ ملک میں عوام کے مسائل کو دور کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں