موبائل فونز کی درآمد

موبائل فونز کی درآمد میں رواں مالی سال کے دوران 45.26 فیصد اضافہ ہوا ہے، ادارہ برائے شماریات پاکستان

اسلام آباد(گلف آن لائن)موبائل فونز کی درآمد میں رواں مالی سال کے دوران 45.26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 2020 کے دوران درآمدات کا حجم 724.085 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جولائی تا نومبر 2019 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 498.463 ملین ڈالر رہی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں میں موبائل فونز کی درآمدات میں 225.622 ملین ڈالر یعنی 45 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادھر نومبر 2020 کے دوران درآمدات 50.04 اضافہ سے 166.124 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ نومبر 2019 کے دوران درآمدات کا حجم 110.723 ملین ڈالر رہاتھا۔ اس طرح اکتوبر کے مقابلہ میں نومبرمیں بھی موبائل فونز کی درآمدات میں 155.30 فیصد اضافہ ہواہے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر میں درآمدات کی مالیت 166.124 ملین ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ اکتوبر کے دوران موبائل فونز کی ملکی درآمدات کاحجم 56.069 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں