فواد چوھدری

نواز شریف ملک واپس آئیں، لوٹی گئی دولت واپس کریں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں، فواد چوھدری

اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یہ اطلاعات ہیں کہ برطانیہ نے نواز شریف کی میڈیکل ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے، یہ بات واضح ہے کہ نواز شریف بیمار نہیں ہیں، انہوں نے جھوٹ بول کر ویزا لیا اور اس ویزے پر وہ برطانیہ میں مقیم ہیں، نواز شریف کے پاس آپشن ہے کہ وہ پاکستان واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ نواز شریف کی برطانیہ میں ویزا درخواست مسترد ہونے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور پاکستانی کمیونٹی کا برطانوی حکومت سے مطالبہ تھا کہ ایسے لوگوں کو پناہ نہ دی جائے جو اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس آپشن ہے کہ وہ پاکستانی سفارت خانہ جا کر پاسپورٹ کی جگہ عارضی دستاویزات حاصل کر کے پاکستان واپس آئیں اور عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ دوسری صورت میں اگر وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جاتے ہیں تو ان کے پاس کوئی گراﺅنڈ موجود نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف جس طریقے سے برطانیہ میں گھوم پھر رہے ہیں اور ریستورانوں میں جا رہے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بیمار نہیں ہیں۔ ویزا درخواست میں توسیع کے لئے اگر وہ ایک اور جھوٹ بولیں گے تو برطانوی عدالتوں سے انہیں سزا بھی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی نواز شریف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، نواز شریف پاکستان سے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہوئے ہیں، وہ پیسہ پاکستان واپس آنا ضروری ہے۔ نواز شریف ملک واپس آئیں، لوٹی گئی دولت واپس کریں اور یہاں اپنے گھر میں رہیں، دوسری صورت یا تو وہ پیسہ واپس کریں گے یا جیل جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں