عمران خان

وزیرِ اعظم کی سید علی گیلانی کی میت چھیننے کی مذمت

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیرِاعظم عمران خان نے بھارتی فوج کی جانب سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت چھیننے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر مقدمہ درج کرنا اور بھی شرم ناک ہے،بھارت میں نازی اور آر ایس ایس نظریئے سے متاثر حکومت موجود ہے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر مقدمہ درج کرنا اور بھی شرم ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ 92 سال کے سید علی گیلانی کا جسدِ خاکی چھیننا انتہائی شرم ناک ہے، سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر مقدمہ درج کرنا اور بھی شرم ناک ہے۔وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ یہ اقدام بھارت میں فاشزم کی ایک اور مثال ہے، بھارت میں نازی اور آر ایس ایس نظریئے سے متاثر حکومت موجود ہیمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی خبربھی شئیر کی۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کو پاکستانی پرچم سے ڈھکنے اور بھارت مخالف نعرے بازی پر ان کے اہلِ خانہ کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔رپورٹ میں ایک پولیس افسر کے حوالے سے بتایا گیا کہ میت پر پاکستانی پرچم ڈھکنے اور بھارت مخالف نعرے لگانے پر بڈگام پولیس اسٹیشن میں سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

خیال رہے کہ معروف کشمیری حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی گیلانی یکم ستمبر 92 سال کی عمر میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے حیدرپورہ میں اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔سید علی گیلانی کے اہلِخانہ کے مطابق پولیس نے ان کی میت چھین کر خاموشی سے تدفین کردی۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ان کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپٹے دیکھا گیا تھا۔ان کے انتقال کے بعد بھارتی فوج نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کے گھر جانے والے راستوں پر باڑ لگا دی اور سیکڑوں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا جبکہ میڈیا رپورٹ کے مطابق کرفیو لگانے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں