والٹن ایئر پورٹ پرفلائنگ آپریشن کی عدم بحالی کیخلاف درخواست توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

لاہور( گلف آن لائن)لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود والٹن ایئر پورٹ پر تربیتی طیاروں کافلائنگ آپریشن بحال نہ ہونے خلاف درخواست پر سیکرٹری ، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر 27 ستمبر کو جواب طلب کر لیاگیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔فاضل عدالت نے سیکرٹری ، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی ،منیجر والٹن ایئرپورٹ سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ عدالتی حکم کے باوجود والٹن ایئر پورٹ کو ابھی تک آپریشنل کیوں نہیں کیا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے والٹن ایئر پورٹ پر8 ہفتوں کے لئے فلائنگ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دی تھی ،عدالتی حکم کے باوجود فلائنگ آپریشن بحال نہیں کیاگیا، حکم عدولی پر ذمہ داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ فلائنگ آپریشن بحال کرنے کی دی گئی اجازت پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں