ہمایوں اختر خان

حزب اختلاف اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے منفی پراپیگنڈے پر اوور ٹائم لگا رہی ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے منفی پراپیگنڈے پر اوور ٹائم لگا رہی ہے ، کیا قوم شعور سے اتنی عاری ہے کہ انہیں معلوم نہیں گزشتہ کئی دہائیاں کون حکمران تھے اورملک کو درپیش مشکلات کے اصل ذمہ دار کون ہیں؟، معاشی میدان میں آنے والی خبریں حزب اختلاف پر بجلی بن کر گرتی ہیں لیکن اپنے سیاست کو زندہ رکھنے کیلئے قوم کو گمراہ کرنے کیلئے منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا جاتاہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی رہنمائوں ،کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اوراکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوںاختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پرعمل پیرا ہونے اور ملک کی قیمت پر اپنی سیاست چمکانے کے قائل نہیں بلکہ انہوں نے ہرموقع پر اپنی سیاست کو پیچھے رکھ کر ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی ہے ۔

موجودہ حکومت اصلاحات کے مشکل ہدف پر عمل پیرا ہے اور دنیا میں کہیں بھی یہ ہدف آسان مراحل پر مشتمل نہیں ہوتا ، انشا اللہ وہ وقت آئے گا جب پاکستان کو حقیقی معنوں میں پائیدار معیشت میسر اورعوام کی زندگیوں میں بھی بلا تعطل خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھرپورکوششیںکر رہی ہے ،طلب رسد میںتوازن کیلئے میکنزم بنایا گیا ہے ،آنے والے دنوںمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی ۔ ملاقات میں پارٹی کے سیاسی اموراورحلقے کے مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں