جاوید قصوری

پنڈورا بکس میں وزیر اعظم کے قریبی ساتھی ٹیکس چوری میں ملوث نکلے ہیں ‘محمد جاوید

لاہور (گلف آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنڈورا بکس میں 700پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں بے نقاب ہوئی اور اس میں وزیر اعظم کے قریبی ساتھی ٹیکس چوری میں ملوث نکلے ہیں۔

عمران خان ماضی میں بھی وکی لیکس میں بے نقاب ہونے والے 436پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان تو بہت کرتے رہے مگر عملاً ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔ سابقہ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے پنڈورا بکس میں سامنے آنے والے پاکستانیوں کے خلا ف کاروائی کا عندیہ محض پریشر کو کم کرنے کا حربہ معلوم ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری قومی جرم ہے۔ قوم کی دولت لوٹنے والوں کا کڑا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ملک میں جب تک بلا تفریق احتساب نہیں ہوگا، اس وقت تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔ وزیرا عظم کرپشن کے خاتمے کے لیے چین کو روڈ ماڈل کے طور پر پیش تو کرتے ہیں مگر وہ ماڈل اختیا ر کرنے سے خود بھی ڈرتے ہیں ۔ کرپشن ایک ناسور ہے جس نے معاشرے کی بنیادوںکو کھوکھلا کرکے رکھ دیا۔ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ نے 22کروڑ عوام کو یر غمال بنایا ہوا ہے۔

پورا نظام ہی مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی ٹیکس چوری ، کرپشن ، منی لانڈرنگ میں اضافہ درحقیقت حکومت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن کے بعد قوم نے تحریک انصاف کو بھی آزما لیا ہے۔ اور دیکھ رہے ہیں کہ ان میں سے کوئی بھی قوم کے ساتھ مخلص نہیں۔ پاکستان کو حقیقی اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں