اشرف بھٹی

عالمی مالیاتی اداروںکے چنگل سے چھٹکارے کیلئے ”میثاق معیشت” کی قومی دستاویز کی تیاری نا گزیر ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروںکے چنگل سے چھٹکاراحاصل کرکے خود مختاری کی منزل کے حصول کیلئے ”میثاق معیشت” کی قومی دستاویز تیارکی جائے ،عوام کا دم بھرنے والی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت ،حزب اختلاف اور تمام ادارے ایک میز پر بیٹھیں اور یہ طے کیاجائے کہ ملک کو بیرونی قرضوںکے چنگل سے کیسے چھٹکارادلانا ہے اور قومی خود مختاری اور سلامتی کو کیسے یقینی بنایا جاسکتاہے ۔ آج پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے ، ہماری اپنی کوئی پالیسی نہیں جس کی وجہ سے عوام کااعتماد بھی متزلزل ہو رہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکومت اور حزب اختلاف اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالے اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ” میثاق معیشت ” کی قومی دستاویز تیار کی جائے وگرنہ آنے والے سالوں میں خدانخواستہ پاکستان کی خود مختاری دائو پر لگتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے لیکن کشکول اٹھانے کی وجہ سے دوسروں کی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہوئے اپنی عوام کو روندا جارہا ہے جو ظلم اور نا انصافی ہے ،آئی ایم ایف کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے یہ بھی نہیں دیکھا جاتاہے یہ وہی عوام ہیں جن کے ٹیکسوں سے ملک کا نظام چلتاہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں