سید سعیدالحسن شاہ

پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت اورصوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے ‘سعید الحسن شاہ

لاہور(گلف آن لائن) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت اورصوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے، صوبے کے انتظامی امور،گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کے فروغ کے حوالے سے بہترین اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں،عوام کی فلاح و بہبود اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

اپنے آبائی حلقہ سے آئے مختلف وفودسے ملا قات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ماضی کے برعکس شفاف ڈیل اور بہترین ورکنگ کو یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری محکموں کو بچت پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اس سلسلہ میں مالیاتی امور میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور سرکاری محکموں میں مالیاتی ڈسپلن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کے وسائل کی امین ہے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی ضرورت اور فلاح و بہبود کو مد نظر رکھا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کرکے لاگت بڑھانے کی روایت کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ترقیاتی وسائل کا بروقت استعمال ضروری ہے۔محکمے جاری کردہ فنڈز کا درست اور بروقت استعمال یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کے مقررہ مدت کے اندر استعمال اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں